شوہر کی اطاعت ناگوار کیوں ؟ - AndleebIndia.blogspot.com from Hyderabad India | Health, Beauty, Food recipe, Urdu Literature

2009-07-19

شوہر کی اطاعت ناگوار کیوں ؟

اکثر لوگوں کو یہ کہتے سنا جاتا ہے کہ ۔۔۔۔۔
بدلتے وقت کے ساتھ لوگوں کی سوچ بدلتی ہے ، طور طریقے بھی بدلتے ہیں اور نئے زمانے میں نئی سوچ کے ساتھ چلنا پڑتا ہے۔ اب پرانے خیالات نہیں چلیں گے۔
وغیرہ وغیرہ۔
جہاں تک دنیاوی معاملات کا تعلق ہے ، وہاں تو یہ بات کسی حد تک ٹھیک ہے۔ مثلاً کسی کو خط لکھنے کے بجائے اب ای میل یا ایس ایم ایس سے کام چلایا جا سکتا ہے۔ یا ایسی ہی بیشمار سہولتیں ہیں جن کا تعلق دنیا کی آسانی سے ہے۔ یہاں ہم پہلے طریقے کے بجائے نئے طریقے پر عمل کرنے لگے ہیں۔
مگر کیا عقائد کے معاملے میں بھی ہم یہی سوچ اپنا سکتے ہیں؟
یقیناً نہیں ، ہرگز نہیں !

اس کے باوجود آج کل ہر طرف یہی آواز کیوں آتی ہے کہ
یہ تو پرانے زمانے میں ہوتا تھا ، ایسی باتیں آج کل نہیں چل سکتیں !

ایک خاتون سے ملاقات کے دوران جو گفتگو ہوئی اس میں انہوں نے مختلف خیالات کا اظہار کیا جن کو سن کر ان کی ناانصافی پر حیران ہی ہوا جا سکتا تھا۔ وہ محترمہ میاں بیوی کے معاملات پر بہت پرجوش انداز میں فرمانے لگیں:
یہ کوئی پرانا زمانہ نہیں کہ عورت ، شوہر کی ہر بات مانے اور ہر بات میں اس کی اطاعت کرے۔ یہ سب پرانے وقتوں میں ہوتا تھا ، آج کی عورت یہ سب نہیں کر سکتی (معاذ اللہ)۔
تھوڑی ہی دیر میں گفتگو کا رخ بدلا اور بات عورت کے حقوق کی ہونے لگی تو وہی خاتون فرمانے لگیں :
اگر عورت شوہر سے الگ گھر کا مطالبہ کرے تو یہ اس کا حق ہے جو اسلام نے اس کو دیا ہے اور مرد کے لئے اسے پورا کرنا ضروری ہے !

ہم نے کہا :
واہ واہ ! بہت خوب ! یہ کہاں کا اور کیسا انصاف ہے ؟
بھلا دین پر چلنے کا یہ کیسا طریقہ ہے کہ جو بات پسند ہے یا اپنے فائدے کی ہے تو اس کو قبول کر لو اور جو ناپسند ہے اس کو (نعوذ باللہ) پرانے وقتوں کی باتیں کہہ کر ٹال دو۔

شوہر کی اطاعت کا حکم تو اللہ کریم اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے عطا فرمایا ہے۔
اور اسی رب کریم نے ان تعلقات کے متعلق تعلیم بھی عطا فرما دی ہے۔
اور پھر ہم عورتوں پر مرد کو یہ فضیلت اللہ کریم نے ہی دی ہے۔
اور اللہ تعالیٰ ہی کے کلام پاک میں نیک عورتیں ، اطاعت کرنے والیاں ، اپنی حفاظت کرنے والیاں ، فرمایا گیا ہے۔

ہم ان باتوں کو کسی طور بھی کوئی بہانہ بنا کر یا نام دے کر نظرانداز نہیں کر سکتے۔
ہم عورتوں کو مرد کے نام کی چھت کے نیچے بحفاظت رہنا تو اچھا لگتا ہے ، اس کے ہاتھوں کی محنت سے کمایا گیا رزق حلال بھی اچھا لگتا ہے ، اس کی کمائی سے اپنا حصہ لینا بھی بہت بھاتا ہے ۔۔۔۔۔
تو پھر بدلے میں اس کی اطاعت کرنی بری کیوں لگتی ہے؟
ہمارا طرزِ عمل صرف اپنے حقوق مانگنے کی حد تک نہیں بلکہ حقوق کی ادائیگی کے لئے بھی ہونا چاہئے۔

نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ایک مرتبہ سوال کیا گیا :
سب عورتوں سے بہتر کون سی عورت ہے؟
آپ نے جواباً جو ارشاد عالی فرمایا ، اس کا مفہوم کچھ یوں ہے :
وہ عورت سب سے اچھی ہے کہ جب خاوند اس کی طرف دیکھے تو وہ خاوند کو خوش کر دے اور جب وہ اس کو کوئی حکم دے تو مان لے۔ اس کی نافرمانی نہ کرے اور نہ اس کے مال سے ایسا تصرف کرے جسے وہ ناپسند کرتا ہو۔
(ابوداؤد ، نسائی)

یہ ہے ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیم مبارکہ جس میں واضح طور پر شوہر کا حکم ماننے کا ذکر موجود ہے اور یہی عالی تعلیمات ہمیں اپنی نئی نسل کو دینی ہیں !
اس کے لئے سب سے پہلے ضروری ہے کہ ۔۔۔۔
ہم دین حنیف کے متعلق اپنی منافقانہ سوچوں سے نجات حاصل کریں ورنہ اپنے انہی خیالات کو ہم نئی نسل میں منتقل کر دیں گے۔
یاد رکھئے کہ ایسی سوچوں کی حامل خواتین اپنے گھر والوں کو ایک پرسکون اور کامیاب گھر نہیں دے سکتیں۔

شوہر کی اطاعت اس کی محبت میں نہیں بلکہ اللہ کریم کی محبت میں اگر کی جائے تو اللہ کریم ، ان شاءاللہ ، اپنی رحمت سے ہر اس کام میں برکت اور آسانی عطا فرما دے گا جو بندہ اس خالق حقیقی کی محبت میں سرانجام دے گا۔

اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ ۔۔۔ کسی کی اطاعت کے لئے اپنا دل مارنا پڑتا ہے اور پھر عورت تو ویسے بھی قربانی کا دوسرا نام ہے۔ اپنی ضد ، انا اور خواہشات کا گلا گھونٹ کر ہی وہ مقام حاصل کیا جا سکتا ہے جس سے دنیا میں بھی سرخ روئی ہو اور آخرت میں بھی۔ نہ کہ دین کے احکامات کو ، معاذ اللہ ، " اگلے وقتوں کی باتیں " کہہ کر۔

ہمارے معاشرے کا مضبوط خاندانی نظام انہی مطیع و فرمانبردار عورتوں کا مرہون منت ہے۔
مگر مردوں کو بھی یہ بات یاد رکھنا چاہئے کہ کسی کے آگے سر تسلیم خم کرنے یا اس کی اطاعت کرنے کے لئے اپنا نفس ، اپنی انا ختم کرنا پڑتی ہے جو آسان کام نہیں۔ یہ عورت کا امتحان ہوتا ہے۔
اس لئے اگر آپ کے پاس فرمانبردار اور مطیع بیوی ہے تو اس کی قدر کیجئے کیونکہ یہ بھی اللہ کریم کی "نعمت" ہے جس سے آپ فائدہ اٹھا رہے ہیں !!!


بشکریہ :
اردو نیوز ، جمعہ ایڈیشن۔ 17 جولائی 09
مضمون : اسماء فرید (بحرین)۔

2 تبصرے:

  1. کیا آپ نے ان عورتوں کے مترلق بھی پڑھا ہے جو مسلمان ہو گئیں تھیں اور پھر انہوں نے اپنے شہروں سے اس بناء پر علیحدگی اختیار کی۔ اگر وہ اتنی ہی مطیع و فرمانبردار ہوتں جیسا کہ آپ چاہتی ہیں تو اسلام اپنے شروع ادوار میں ہی ختم ہو جاتا۔ مسلمان عورت کو مطیع و فرمانبردار ہونا چاہئیے اور غیر مسلم کو نہیں ہونا چاہئیے۔ دلیل کی بات تو یہ ہے کہ کوئ گھر اور معاشرہ اس وقت تک آگے کی جانب نہیں بڑھ سکتا جب تک کہ وہاں تعلقات سے لیکر معاشیات تک میں انصاف عمل نہ کرتا ہو۔ میری جیسی بہت ساری عورتیں اتنی مثالی مطیع نہیں۔ اور جہاں جہاں شور مچانا ضرور مچاتی ہیں۔ مگر خدا کا شکر ہے کہ زندگی باہمی ہم آہنگی سے گذر رہی ہے۔ جی ہاں زمانہ بہت بدل چکا ہے۔ ایک وقت تھا کہ عورت کو بہشتی زیور پڑھا کر سمجھ لیا جاتا تھا کہ بڑا کام کرا دیا۔ انہیں کیا کرنا چولہا ہانڈی۔ آج کی عورت چولہا ہانڈی بھی کرتی ہے اور اپنی تعلیم کا استعمال بھی۔ آج میں میرے شوہر دو مختلف زبانیں نہیں بولتے۔ ہمارے ذرائع علم ایک جسے ہیں اور ذرائع معاش بھی۔ معاشرہ میں اب ان سوچوں کی کوئ جگہ نہیں۔ میاں بیوی ہوں، ماں باپ ہوں یا آپ کے بچے ہر ایک کو جو اسکا حق بنتا انصاف سے دیں۔ سب آپ سے محبت بھی کریں گے احترام بھی اور عزت بھی۔

    جواب دیںحذف کریں
  2. شکریہ عنیقہ ، ماشا اللہ آپ تو خوب فعال ہیں ، خوش رہیں۔

    شکریہ عندلیبِ‌ہند، جیتی رہیے ، مالک و مولی سلامت رکھے،
    زندگی کی گاڑی تبھی چلتی ہے جب ’’ ٹیون ‘‘ ہو اور پہیے برابر ہوں۔
    مالک و مولیٰ ہمیں ایک دوسرے کا حق ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

    جواب دیںحذف کریں